برلن،10؍ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے مسئلے کو جس انداز میں سفارتی مکالمت سے حل کیا گیا ہے، ویسا ہی انداز شمالی کوریا کے لیے بھی اپنانے سے تنازعے کا حل ممکن ہے۔ میرکل نے شمالی کوریائی بحران کے لیے ایرانی جوہری پروگرام کے مذاکراتی عمل کو ایک ماڈل قرار دیا۔ جزیرہ نما کوریا کے بحران کے حل کے حوالے سے میرکل کے خیالات ایک جرمن اخبار ’فرانکفرٹر الگمائنے زونٹاگ سائٹنگ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سامنے آئے ہیں۔ میرکل کے مطابق ایرانی جوہری پروگرام کے مذاکرات طویل تھے لیکن اْن کا انجام اچھا رہا تھا اور اس صورت حال میں یورپ اور جرمنی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہیں۔